شاباش میتھو : میتھالی پر بائیوپک میں تاپسی کا لیڈ رول

Jabri Irfan


دنیا بھر میں مشہور شخصیتوں کی زندگی پر فلمیں بنائی جاتی ہیں۔ زندگی کے ہر شعبے کے اسٹارس کا احاطہ کیا جاتا ہے۔ انڈیا میں بھی ایسا ہوتا ہے۔ انڈین ٹیم کے مشہور سابق کیپٹن مہندر سنگھ دھونی پر چند سال قبل بائیوپک بنی، جس میں سوشانت سنگھ راجپوت نے مرکزی کردار ادا کیا۔ یہ فلم معقول حد تک کامیاب ہوئی اور اس سے دھونی اور سوشانت دونوں کے ساتھ ساتھ پروڈیوسرس و دیگر کو بھی فائدہ ہوا ہے۔ اس سے قبل محمد اظہر الدین کی لائف پر بھی بالی ووڈ فلم بنائی گئی جس میں عمران ہاشمی نے اظہر کا رول نبھایا۔ تاہم، وہ فلم مختلف تنازعات کے سبب ناکام ہوئی۔

 

بہرحال مینس انڈین کرکٹ ٹیم میں صرف دھونی یا اظہرالدین نہیں بلکہ لجنڈ سچن تنڈولکر کے بشمول کئی اسٹارس مل جائیں گے جن پر فلمیں بنی ہیں یا بنانے کی منصوبہ بندی ہے۔ تاہم، ویمنس کرکٹ میں اسٹارس کی بھرمار نہیں۔ 37 سالہ میتھالی راج انڈین ویمنس کرکٹ کا سب نمایاں نام ہے۔ وہ انڈین ٹیم کی سب سے کامیاب بیٹسوومن رہی ہیں۔ ان کے نام عالمی ریکارڈس بھی درج ہیں۔ میتھالی کے والد دورائے راج انڈین ایئر فورس کے ملازم رہے۔ چنانچہ میتھالی دورائے راج کی حیثیت سے ان کی پیدائش جودھپور، راجستھان میں ہوئی۔ بعد میں فیملی حیدرآباد منتقل ہوگئی اور اب یہی میتھالی کا منتخب وطن ہے کیونکہ بنیادی طور پر وہ ٹامل فیملی سے تعلق رکھتی ہیں۔

 

اب میتھالی راج پر بائیوپک ”شاباش میتھو“ بن رہی ہے جس میں ساوتھ سے بالی ووڈ تک تیزی سے ترقی کرنے والی ماڈل و اداکارہ تاپسی پنو نے اپنے مرکزی رول کی تصدیق کردی ہے۔ میتھالی اور تاپسی میں رنگت کے سوا بہت مماثلت ہے۔ اس لئے یہ درست انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔ 32 سالہ تاپسی کو منتخب کرنے کی بس یہی وجہ نہیں بلکہ وہ بہت محنتی اداکارہ ہے جو اسپورٹس اسٹار کا فلمی پردے پر کردار ادا کرنے کیلئے بہت ضروری عنصر ہوتا ہے۔ 3 ڈسمبر کو میتھالی کی سالگرہ کے موقع پر تاپسی نے اعلان کیا کہ وہ ”شاباش میتھو“ میں لیڈ رول ادا کریں گی۔

 

میتھالی کی اس سالگرہ کے موقع پر تاپسی نے کئی تصویریں بنائیں اور ان کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے عوام کو واقف کرایا کہ وہ میتھالی کی بائیوپک کیلئے منتخب کئے جانے پر بہت خوش ہیں۔ انھوں نے میتھالی کیلئے لکھا: ”ہیپی ہیپی برتھ ڈے کیپٹن میتھالی۔ آپ نے ہم تمام کو کئی طرح سے فخر کا احساس دلایا ہے اور یہ واقعی میرے لئے اعزاز ہے کہ آپ کے کامیاب سفر کو اسکرین پر پیش کرنے کیلئے منتخب کی گئی ہوں۔ آپ کی اس سالگرہ پر مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ میں آپ کو کیا تحفہ پیش کرسکتی ہوں لیکن یہ وعدہ ضرور ہے کہ میں یقینی بناوں گی کہ آپ ”شاباش میتھو“ میں خود کو اور اپنے کردار کو اسکرین پر دیکھ فخر محسوس کروں گی۔ میں اب کوور ڈرائیو سیکھنے کیلئے پوری طرح تیار ہوں۔“

 

میرے خیال میں زندگی کے تمام شعبوں کا متوازن احاطہ کرتے ہوئے کامیاب شخصیتوں کی اچھائیوں کو بائیوپک میں پیش کیا جائے تو دوسروں خاص کر نوجوانوں کو مثبت تحریک مل سکتی ہے۔ خواتین کے بائیوپک کچھ کم ہی بنتے ہیں۔ اس لئے میتھالی اور تاپسو کی پرکشش جوڑی کو ناظرین شاید ضرور پسند کریں گے۔
٭٭٭

Find Out More:

Related Articles: